پشپا 2: دی رول نے ریلیز کے بعد صرف تین دنوں میں باکس آفس پر ناقابلِ یقین کارکردگی دکھاتے ہوئے دھماکہ کر دیا۔فلم نے پہلے دن 72 کروڑ روپے کی شاندار کمائی کی، دوسرے دن 59 کروڑ روپے کا بزنس کیا، اور تیسرے دن مزید 74 کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔ یہ اعداد و شمار صرف ہندی ورژن کے ہیں، جبکہ دیگر زبانوں میں بھی فلم نے زبردست بزنس کیا ہے۔
بھارتی سرزمین کے علاوہ بیرون ملک بھی فلم کی کامیابی کے چرچے ہیں۔ پروڈکشن ہاؤس میتری مووی میکرز کے مطابق، "پشپا 2” نے تین دن میں عالمی سطح پر مجموعی طور پر 621 کروڑ روپے کماتے ہوئے کئی ریکارڈز توڑ ڈالے ہیں۔
پروڈکشن ٹیم نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"باکس آفس پر تاریخ رقم ہو رہی ہے! #Pushpa2TheRule نے 621 کروڑ روپے کی شاندار کمائی کے ساتھ کئی سنگ میل عبور کر لیے ہیں۔”
اتوار کے دن ایڈوانس بکنگ کے رجحانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فلم چوتھے دن بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، اور یہ جلد ہی 1000 کروڑ روپے کے عالمی ہدف کو عبور کرنے کی جانب گامزن ہے۔
پشپا 2 کی ہدایتکاری سکمار نے کی ہے، جبکہ مرکزی کرداروں میں الو ارجن، رشمیکا مندنا، اور فہد فاضل کی زبردست اداکاری شائقین کو بے حد پسند آ رہی ہے۔ فلم کو میتری مووی میکرز اور سکمار رائٹنگز کے بینرز کے تحت پروڈیوس کیا گیا ہے۔