ٹرمپ نے ڈونلڈ لو کی جگہ پاکستان مخالف بھارتی نژاد کو معاون خصوصی مقرر کر دیا

جو پاکستان سے متعلق سخت گیر موقف رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے اپنا معاون وزیر خارجہ بنانے کے لیے بھارتی نژاد اسکالر ایس پال کپور کو نامزد کر دیا ہے، جو پاکستان سے متعلق سخت گیر موقف رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

یہ تقرری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی واشنگٹن کے سرکاری دورے پر ہیں، جس کے باعث یہ اقدام امریکا کی جنوبی ایشیا سے متعلق پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کا اشارہ دیتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اس تقرری سے پاکستان سے متعلق امریکی رویے میں مزید سختی پیدا ہو سکتی ہے۔

جنوبی ایشیائی امور پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس پال کپور بھی امریکی انتظامیہ میں شامل دیگر عہدیداروں کی طرح بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات کے حامی اور پاکستان پر تنقید کرنے والے رہ چکے ہیں۔

اگر امریکی سینیٹ ان کی نامزدگی کی توثیق کر دیتی ہے تو وہ ڈونلڈ لو کی جگہ سنبھالیں گے، جب کہ فی الحال ایرک میئر جنوبی اور وسطی ایشیا کے سینئر عہدیدار کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی بھارتی نژاد شخصیت کو اعلیٰ امریکی عہدے کے لیے منتخب کیا ہو، ماضی میں بھی وہ کئی بھارتی نژاد شہریوں کو اہم حکومتی مناصب پر تعینات کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین