صدر مملکت آصف زرداری کی شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی رہائشگاہ آمد ،اہل خانہ سے اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی کی
لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی رہائشگاہ پر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ریلوے آفیسر کالونی والٹن کینٹ میں شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے والدین سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی کی خدمات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمدردیاں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت سے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوئیں،دہشتگردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔صدر مملکت نے شہید کیپٹن کے اہل خانہ کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو سراتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا ء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری کا لاہور آمد پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ،سی سی پی او لاہور سمیت دیگر اعلی سرکاری افسران بھی موجودتھے۔