لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس اس وقت دہشتگردوں اور شرپسندوں کا اڈا بن چکا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور دھمکیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردوں والی زبان استعمال کی، ریاست کے خلاف ایسی زبان کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبوں کو لڑانا نہیں چاہتے، خیبرپختونخوا بھی ہمارا صوبہ ہے، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائیوں کا کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا ہاؤس کو دہشتگردوں کا مسکن نہیں بننے دیں گے، خیبرپختونخوا ہاؤس کو چلانے والوں کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈا پورغنڈہ، موالی والی زبان استعمال کر رہے ہیں، ایسی گفتگو بانی پی ٹی آئی بھی کرتے تھے، پنجاب پولیس نشئیوں کے نشے بڑے اچھے طریقے سے اتارنا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلسے میں پنجاب سے جانے والوں کی تعداد بہت کم تھی، پنجاب میں ان کو جلسے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، جلسے کی اجازت مانگیں گے تو وزیر اعلیٰ پنجاب معاملے کو دیکھیں گی۔وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ان کو شرافت کی زبان سمجھ نہیں آتی، علی امین گنڈا پور نے ایسی بات پہلی دفعہ نہیں کی۔