فتنہ گروہ کی ناکامی عوامی ریلیف کے عمل کو تیز کرے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ گروہ کی ناکامی کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں مزید تیزی آئے گی۔یہ بات انہوں نے وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں بیرسٹر امجد ملک نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے وزیراعظم کی انتھک محنت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے بیرسٹر امجد ملک کو اوورسیز کمیشن پنجاب کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں۔ ان کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے وفاق اور پنجاب حکومت مل کر اقدامات کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہمیشہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اوورسیز وزارت، او پی ایف، اور اوورسیز کمیشن میں تقرریاں اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔

بیرسٹر امجد ملک نے اس موقع پر یقین دلایا کہ او پی ایف اور او پی سی پنجاب مل کر تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور اسٹاک مارکیٹ کی بہتری حکومت کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر 9 مئی کے بلوائیوں کے مقدمات بروقت نمٹائے جاتے تو حالات مختلف ہوتے۔ بیرسٹر امجد نے تارکین وطن کے لیے اسپیڈی ٹرائل کورٹ کے قانون کی منظوری اور پی آئی اے کی یورپ میں براہِ راست پروازوں کی بحالی پر حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا۔

انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا اور فیک نیوز کے سدباب کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں تاکہ معاشرتی ہیجان، سنسنی خیزی، اور نفرت کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین