پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر کے 6 مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا، تاہم 24 نومبر کے احتجاج کے 28 مقدمات میں ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
سابق وزیراعظم کے ان چھ مقدمات میں آج سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی جائے گی۔ تمام چھ تھانوں کے تفتیشی افسران نے گرفتاری ڈال کر سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواستیں عدالت میں جمع کروا دی ہیں، جبکہ گرفتاری کی رپورٹ بھی عدالت کو پیش کر دی گئی ہے۔
ان درخواستوں کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جہاں تمام تفتیشی افسران کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ پراسیکیوٹر امین منہاس کے مطابق، تھانہ نیو ٹاؤن کے کیس میں عمران خان کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو گیا ہے، جبکہ دیگر مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی سماعت آج ہوگی۔
عمران خان کے خلاف 28 ستمبر، 4 اکتوبر اور 5 اکتوبر کے احتجاج سے جڑے 7 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
عدالتی کارروائی کے مطابق، پہلے نیو ٹاؤن کے جسمانی ریمانڈ کیس کی سماعت ہوگی، اس کے بعد جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی جائے گی۔ ان دونوں مقدمات کی سماعت مکمل ہونے کے بعد، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چھ نئے مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر کارروائی ہوگی