عبدالااعظم شینواری
(خیبر نمائندہ تحریک لاھور)
لنڈی کوتل میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں اور پشتو کے عظیم شاعر بابائے غزل امیر حمزہ خان شینواری کی یاد میں ایک شاندار نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا۔
مشاعرے کی صدارت معروف شاعر اباسین یوسفزئی نے کی، اعزازی مہمان اسیر منگل جبکہ مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری تھے۔
نعتیہ مشاعرے میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل افراسیاب زوبیر، ڈسٹرکٹ خیبر یوتھ افئیرز آفیسر ساجد خان سمیت قومی مشران، بلدیاتی نمائندگان اور علما کرام نے شرکت کی۔ معروف شعراء ڈاکٹر کلیم شینواری، قندھار افریدی، اسیر منگل، پروفیسر تواب شاہ مسرور، عبدالغفور آفریدی، ثمین پتنگ شینواری، رخمت شاہ، ایران مظلوم شینواری اور دیگر نے نعتیہ کلام پیش کیا جس پر شرکاء محفل جھوم اٹھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ اور پشتو کے عظیم شاعر امیر حمزہ خان شینواری کی یاد میں نعتیہ مشاعرہ ایک خوش آئند اور بابرکت محفل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہو گئے اور کائنات نورِ ایمان سے روشن ہو گئی۔ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور یہ رشتہ قیامت تک قائم رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر حمزہ خان شینواری کی نعتیہ شاعری دراصل حضور اکرم ﷺ کی سیرت اور محبت کا خوبصورت عکس ہے جسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
نعتیہ مشاعرہ کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ڈاکٹر اباسین یوسفزئی ،پروفيسر اسیر منگل ، سجاد علی شینواری جانشين حمزہ بابا ،مولانا احسان اللہ جنیدی کے علاوہ منتظمین، شعراء اور دیگر مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
محفل کے آخر میں ملک کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور علاقے کے امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔





















