سعد رضوی کے گھر سے ملنے والے زیورات، ملکی اور غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات جاری

چھاپے اور برآمدگی کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور سائبر کرائم ونگ کے نمائندے بھی موجود تھے،پولیس

لاہور:پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کے گھر پر چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی رقم، زیورات اور غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران گھر سے 14 کروڑ 44 لاکھ روپے نقد اور 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مالیت کا سونا برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی رقم اور زیورات کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اسے بھی پڑھیں: مریدکے احتجاج، سعد رضوی اور دیگر رہنماوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن تیز

مزید بتایا گیا کہ سعد رضوی کے گھر سے مختلف ممالک کی غیر ملکی کرنسی بھی ملی ہے، جن میں برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بھارت کی کرنسی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق غیر ملکی کرنسی کی مجموعی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے، جبکہ برآمد شدہ بھارتی کرنسی 50 ہزار روپے ہے۔

ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ چھاپے اور برآمدگی کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور سائبر کرائم ونگ کے نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے کارروائی کی گواہی دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق چھاپے کا مقصد مالی معاملات اور بیرونِ ملک سے ممکنہ فنڈنگ کے شواہد اکٹھے کرنا تھا، جب کہ برآمد شدہ رقم اور زیورات کی اصل ملکیت اور ذرائع آمدن سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین