پاک فوج اور عوام ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہیں:ڈی جی آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی مردان میں اساتذہ و طلبہ سے خصوصی ملاقات

مردان؛ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خاتمے کیلئے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں، اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان اور قوم ایک فولادی دیوار کی مانند متحد کھڑی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مردان کی مختلف جامعات اور دینی مدارس کے اساتذہ و طلبہ سے خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں۔

اس موقع پر عبدالولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مختلف مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ ملاقات میں معرکۂ حق، پاک افغان تعلقات، حالیہ سیکیورٹی چیلنجز اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے افواجِ پاکستان نے ہمیشہ جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن چاہے کتنی بھی سازشیں کرے، پاکستانی قوم اور فوج کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتی۔

نشست کے دوران طلبہ و اساتذہ نے وطن کے غازیوں اور شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی گفتگو سے پاک فوج کے حوالے سے پھیلائے گئے کئی غلط تاثر زائل ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم پاک فوج کے کردار کو نہ صرف سراہتی ہے بلکہ امن و ترقی کی راہوں میں فوج کی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ سمجھ آیا کہ ملک دشمن عناصر کس طرح سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اب نوجوان اس منفی مہم کا جواب حقائق اور یکجہتی کے ساتھ دیں گے۔

طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی بقا اور ترقی کے لیے وہ اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہم سب پر لازم ہے کہ اس جذبے کو آگے بڑھائیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا مردان میں اساتذہ و طلبہ سے مکالمہ نہ صرف عوامی رابطے کی ایک مضبوط کڑی ہے بلکہ اس سے یہ پیغام بھی واضح طور پر ابھرتا ہے کہ افواجِ پاکستان قومی یکجہتی اور عوامی شعور کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نئی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیں۔ نوجوانوں کو براہِ راست اعتماد میں لینا اور انہیں ملک دشمن پروپیگنڈے کے خلاف فکری طور پر تیار کرنا ایک دانشمندانہ قدم ہے۔
یہ نشست دراصل فوج اور قوم کے باہمی رشتے کو مزید مستحکم بنانے کی علامت ہے ایک ایسا رشتہ جو قربانی، اعتماد اور وطن سے محبت پر قائم ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین