وانا کیڈٹ کالج میں موجود افغان خوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے،سکیورٹی ذرائع

اب تک سیکیورٹی فورسز نے 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے

وانا: وانا کیڈٹ کالج میں موجود تین افغان خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پوری شدت سے جاری ہے۔ حملے کے وقت کالج میں تقریباً 650 افراد موجود تھے، جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے۔ اب تک سیکیورٹی فورسز نے 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں خوارجین افغانستان سے مسلسل ٹیلیفون کے ذریعے ہدایات لے رہے ہیں۔ یہ خوارج ایک مخصوص عمارت میں چھپے ہوئے ہیں جو کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔ عمارت کی کلیئرنس انتہائی مہارت کے ساتھ سرانجام دی جا رہی ہے تاکہ کیڈٹس کی جانوں کو کوئی خطرہ نہ پہنچے۔

اسے بھی پڑھیں: اسلام آباد کچہری کے باہر دہشت گردوں کا حملہ، خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید، کئی زخمی

واضح رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی تھی، جس سے کالج کا مرکزی گیٹ منہدم ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے دو خوارج کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ معصوم قبائلی بچوں اور کیڈٹس پر حملہ دہشتگردی ہے، اس کا اسلام یا پاکستان کی عوام کی خوشحالی سے کوئی تعلق نہیں۔ آپریشن خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

اب تک کیڈٹس کی زندگی محفوظ ہے، اور افغان خوارج کی موجودگی کے باعث آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری ہے۔ کالج کی حدود سے کیڈٹس کو بتدریج محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس وقت بھی کالج کے اندر تقریباً 535 افراد موجود ہیں، اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین