بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگلا ردعمل پہلے سے بھی زیادہ تیز تر اور شدید ہو گا: فیلڈ مارشل

پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

راولپنڈی:چیف آف دی آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خبردار کیا کہ بھارت کسی بھی قسم کی خود فریبی یا غلط فہمی کا شکار نہ ہو، کیونکہ اگلی بار پاکستان کا ردِ عمل پہلے سے بھی زیادہ تیز اور شدید ہوگا۔

مسلح افواج کے اعلیٰ افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں یہ بنیادی تبدیلی ایک تاریخی اقدام ہے۔ موجودہ اور ابھرتے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحدہ نظام کے تحت مزید مؤثر بنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ ہر سروس اپنی آپریشنل تیاری اور انفرادیت برقرار رکھے گی، جبکہ ہیڈکوارٹر تمام سروسز کے آپریشنز کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی داخلی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچے کو برقرار رکھیں گی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ فتنۃ الخوارج یا پاکستان کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار فوجیوں اور متحد قوم کے پختہ عزم کے باعث یقینی بنائی گئی ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد!

متعلقہ خبریں

مقبول ترین