لاہور کے معروف تعلیمی ادارے دی اسٹیپ اسکول میں طلبہ کی جسمانی و ذہنی استعداد کو نکھارنے کے لیے ایک شاندار اور رنگا رنگ اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے نہ صرف شرکت کی بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ پورا میدان رنگوں، نعروں اور جوش و جذبے سے گونج اٹھا، اور طلبہ نے اپنی بھرپور توانائی کے ساتھ مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔
تقریب میں اسکول کی پرنسپل نگہام حفیظ نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے طلبہ کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ شخصیت سازی، ٹیم ورک اور ذہنی نشونما کے بنیادی ستون ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند سرگرمیاں طلبہ کو نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیاب بناتی ہیں بلکہ انہیں ایک متوازن، پراعتماد اور فعال شہری بھی بناتی ہیں۔
اسپورٹس گالا کے مہمانِ خصوصی ریجنل ہیڈ کاشف روف نے بھی اس تقریب کی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دی اسٹیپ اسکول میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو یکساں اہمیت دی جاتی ہے تاکہ بچے مستقبل میں ہر میدان میں بھرپور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نئے ٹیلنٹ کو سامنے لاتے ہیں اور طلبہ کے اندر مقابلے کی صلاحیت کو فروغ دیتے ہیں۔
تقریب میں بچوں نے کراٹے، جمناسٹکس، ایروبک، بیلون ریزنگ اور مختلف ریسز میں اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ چھوٹے بچوں سے لے کر سینئر طلبہ تک سب نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کی، جس پر اساتذہ، والدین اور مہمانوں نے کھل کر سراہا۔ پورا ماحول مسکراہٹوں، تالیاں اور خوشی کے نعروں سے گونجتا رہا۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ اسٹیج پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی سرٹیفکیٹ بھی پیش کیے گئے۔ منتظمین نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے صحت مند اور مثبت پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آ سکیں۔





















