تحریر: امتیاز حسین اعوان
زندگی کے سفینے پر بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی خاموش محنت، سچے جذبے اور بے لوث خدمت سے دنیا میں ایک روشنی چھوڑ جاتے ہیں، جو ہر دور میں رہنمائی کا چراغ بنی رہتی ہے۔ ملک فضل حسین اعوان انہی عظیم شخصیات میں سے ایک تھے، جنہوں نے تحریک منہاج القرآن کے ابتدائی دور سے ہی مشن مصطفوی کے لیے اپنا ہر لمحہ وقف کر دیا۔ ان کی وفاداری، دیانت داری اور انسانیت سے محبت ان کے ہر عمل میں واضح تھی۔

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک فضل حسین اعوان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نہایت ملنسار، سادہ مزاج اور بااخلاق شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے مشن مصطفوی کے لیے تاریخی اور ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ ان کی زندگی مشن کے لیے وقف ایک حقیقی مثال ہے، اور ان کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تقلید ہیں۔
ملک فضل حسین اعوان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ سچی محنت، دیانت داری اور خدمت خلق کے جذبے سے انسان اپنی زندگی کو حقیقی عظمت دے سکتا ہے۔ ان کے جانے کے بعد تحریک منہاج القرآن نے ایک عظیم رہنما کھو دیا، مگر ان کی مثال اور مشن کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ ہمارے لیے رہنمائی کا سبب رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ایسے لوگ مر کر بھی زندہ رہ جاتے ہیں، کیونکہ ان کے افعال اور جذبے آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنتے ہیں۔ ملک فضل حسین اعوان کی زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ مشن اور مقصد کے لیے لگن اور وفاداری سب سے بڑی میراث ہے۔
مشن کےلیے ملک فضل حسین کی خدمات ہر اعتبار سے قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں، مرحوم آخری سانس تک مشن کے ساتھ وابستہ رہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے اور انھوں نے مشن مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سربلندی کے لیے جو خدمات انجام دیں اللہ رب العزت انھیں توشہ آخرت بنائے، اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

نماز جنازہ میں ملک فضل حسین مرحوم کے بیٹے محمد بشات۔محمد شہزاد کے ساتھ تحریک منھاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ،منھاج القرآن یوتھ لیگ کے قائدین میں سے محترم حاجی محمد صابر،ساجد حسین اعوان ،ملک نذر حسین ،خان ھارون حیدر،ناصر ولید اعوان ،حافظ قیصر منیر ,علامہ عاطف بشیر طارق حسین صفی راجہ ممتاز حسین ظہیر احمد مغل ,جہانگیر حسین ، اعجاز اگرال لالہ شبیر محمد غفران ،عثمان چشتی اور عمائدین علاقہ نےبھی ملک فضل حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بخشش و مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی ہے۔ مرحوم کی نماز پہلے جنازہ جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی اور بعد ازاں ڈھوک حَسُّو نزد ڈھوڈا (ملہال مغلاں)، ضلع چکوال میں جنازہ اور تدفین کی گئی ۔
چکوال میں وفد کی نمائندگی محترم توقیر احمد اعوان (جنرل سیکرٹری (پاکستان عوامی تحریک) شمالی پنجاب اور محترم چوہدری نذر حسین (صدر تحریک منہاج القرآن چکوال) نے کی۔





















