لاہور:الممتاز مدرسہ تعلیم الاسلام کے طالب علم حافظ احسن اکرام کے ختمِ قرآن کی تقریب "محفل نورِ قرآن” انتہائی روحانی اور علمی ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں علماء، قاریانِ کرام، اور علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر کامران صدیق نوری نے کہا کہ قرآن کریم انسانیت کے لیے روشن راستہ ہے اور اس کے نور سے جہالت کے اندھیروں کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے۔ قرآن کریم وہ کتاب ہے جو دلوں کو نور فراہم کرتی ہے، ذہنوں کو روشن کرتی ہے اور انسان کو ہر برائی اور فتنے سے بچاتی ہے۔ ہر معاشرہ جو قرآن کے احکام پر عمل کرے، وہاں امن، محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم رہتی ہے۔

تقریب میں قاری سرفراز احمد لنگاہ، قاری امتیاز، قاری دانش، عمری قادری، قاری بدالرزمان، سیٹھ محمد اکرم، سیٹھ محمد اصغر اور دیگر معززین نے شرکت کی اور حافظ احسن اکرام کو اس علمی اور روحانی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
شرکاء نے حافظ قرآن کی محنت، لگن اور عزم کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی تعلیمات کو عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔تقریب میں قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ روح پرور نعتیں بھی پیش کی گئیں، جس نے محفل کو مزید معنوی اور پراثر بنا دیا۔ محفل کے آخر میں حافظ احسن اکرام نے بھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قرآن کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔





















