بالی ووڈ کی یادگار اور جذبات سے بھرپور فلم تارے زمین پر کو آج بھی ناظرین خصوصی مقام دیتے ہیں، جس میں عامر خان نے نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا بلکہ بطور پروڈیوسر اور ہدایتکار بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس فلم کا مرکزی کردار ابتدا میں عامر خان کے لیے نہیں بلکہ اداکار اکشے کھنہ کے لیے لکھا گیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اکشے کھنہ نے اس دلچسپ اور قدرے مزاحیہ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کے مصنف امول گپتے دراصل انہیں ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے، اسی وجہ سے انہوں نے عامر خان سے درخواست کی کہ وہ اکشے کو فون کر کے اسکرپٹ سننے کے لیے بلائیں۔
مڈ ڈے انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکشے کھنہ نے کہا کہ چونکہ وہ اور عامر خان اس سے قبل دل چاہتا ہے میں ایک ساتھ کام کر چکے تھے، اسی لیے امول گپتے نے عامر خان سے مدد مانگی۔
اکشے کھنہ کے مطابق عامر خان نے مصنف کو جواب دیا کہ وہ اسکرپٹ سنے بغیر کسی کی سفارش نہیں کریں گے۔ اس پر امول گپتے نے پوری کہانی عامر خان کو سنائی، جو انہیں اس قدر پسند آئی کہ انہوں نے خود ہی فلم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
بعد ازاں عامر خان نے اکشے کھنہ کو فون کر کے پورا قصہ سنایا اور بتایا کہ وہ اب یہ فلم خود کر رہے ہیں۔ اکشے کھنہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ یوں عامر خان نے انہیں ’’دھوکہ‘‘ دے کر فلم کا مرکزی کردار حاصل کر لیاتاہم وہ اس فیصلے پر بالکل ناراض نہیں ہوئے۔
یاد رہے کہ عامر خان نے اس فلم کے ذریعے بطور ہدایتکار بھی اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ 2007 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور کئی قومی اعزازات اپنے نام کیے۔
کام کے محاذ پر اکشے کھنہ جلد فلم دھرندھر 2 میں جلوہ گر ہوں گے، جو 19 مارچ 2026 کو ریلیز کی جائے گی، جبکہ عامر خان اپنی پروڈکشن فلم ’ہیپی پٹیل خطرناک جاسوس‘ میں ایک مختصر مگر اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔





















