ملتان:پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی نے ملتان کے سینئر صحافیوں سے خیر سگالی ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان میں انتہا پسندی کے خاتمے، مثبت اقدار کے فروغ اور معاشرتی ہم آہنگی کے قیام کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم اور فیصلہ کن ہے۔ موجودہ حالات میں قومی سطح پر اتحاد و یکجہتی کی جتنی ضرورت ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے اخلاق اور کردار کی تعمیر و تربیت میں بھی میڈیا کو اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک مہذب، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
راؤ محمد عارف رضوی نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا وژن اور فلسفہ قوم کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک گھر گھر مراکزِ علم قائم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، تاکہ معاشرے میں مٹتی ہوئی اعلیٰ اخلاقی اقدار کو دوبارہ زندہ کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کا مثبت اور تعمیری استعمال قوم کو ترقی، شعور اور آگاہی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، جبکہ منفی استعمال معاشرتی بگاڑ کا سبب بنتا ہے۔
اس موقع پر راؤ محمد عارف رضوی نے سینئر صحافی سید نوید شاہ کو روزنامہ نوائے وقت ملتان میں اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
خیر سگالی ملاقات میں روزنامہ خبریں کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سید سجاد بخاری، روزنامہ نوائے وقت کے چیف رپورٹر سید نوید شاہ، سینئر سٹاف رپورٹر رفیق قریشی، روزنامہ ایکسپریس کے سینئر سٹاف رپورٹر حامد چوہدری اور روزنامہ پاکستان کے سینئر سٹاف رپورٹر رانا عرفان الاسلام شریک تھے۔
اس موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی کے سربراہ رکن الدین حامدی بھی راؤ محمد عارف رضوی کے ہمراہ موجود تھے۔





















