مانگا منڈی(خصوصی رپورٹ:رمیض حسین )ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں پی پی 171-A مانگا منڈی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ روح پرور ماحول، تلاوتِ کلامِ پاک کی صداؤں اور ذکر و فکر کی محفل نے شرکاء کے دلوں کو منور کر دیا۔
اس بابرکت محفل سے خصوصی خطاب علامہ ڈاکٹر کامران صدیق نوری صاحب نے فرمایا۔ اپنے فکرانگیز اور مدلل خطاب میں انہوں نے معاشرے کے استحکام میں زوجین کا کردار کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی بنیاد خاندان پر ہوتی ہے اور خاندان کی مضبوطی میاں بیوی کے باہمی تعلق، حسنِ سلوک، صبر و برداشت اور ذمہ داری کے احساس سے قائم رہتی ہے۔

ڈاکٹر کامران صدیق نوری صاحب نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اگر زوجین ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں، احترام اور اعتماد کی فضا قائم کریں اور بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تو معاشرہ خود بخود اصلاح کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید نے میاں بیوی کے تعلق کو سکون، محبت اور رحمت کا ذریعہ قرار دیا ہے، اور یہی اصول ایک خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں خاندانی نظام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب زوجین دین کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو بالخصوص نصیحت کی کہ وہ ازدواجی زندگی کو محض ایک سماجی بندھن نہیں بلکہ ایک مقدس امانت سمجھیں اور اس کی ذمہ داریوں کو دیانت داری سے ادا کریں۔
اس موقع پر ضلع نمبر 6 کے صدر محترم جناب اشفاق سندھو صاحب نے خصوصی شرکت کی اور اس بامقصد پروگرام کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے دروسِ قرآن معاشرے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور ان کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پی پی 171-A مانگا منڈی کی پوری ٹیم اس بابرکت محفل میں شریک رہی اور انتظامی امور بخوبی انجام دیے۔ شرکاء نے خطاب کو بے حد سراہا اور اسے اصلاحِ معاشرہ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
محفل کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ سے التجا کی گئی کہ وہ اس محفلِ قرآن کو ہم سب کے لیے ذریعۂ ہدایت و برکت بنائے اور اس سلسلۂ خیر کو جاری و ساری رکھے۔ آمین۔





















