کانپور: (خصوصی رپورٹ: غلام مرتضیٰ)بھارت میں جہیز سے متعلق ایک چونکا دینے والا اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سسرال والوں نے بہو سے غیر معمولی مطالبہ کر دیا، جس نے ہر سننے والے کو حیران کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے لیے گردہ دینے یا پھر 30 لاکھ روپے نقد فراہم کرنے کا کہا گیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شادی سے قبل اس کے شوہر کی سنگین بیماری، یعنی دونوں گردوں کے ناکارہ ہونے کی حقیقت کو چھپایا گیا اور اسے لاعلم رکھتے ہوئے شادی کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شادی 22 جون 2025 کو لکھنؤ کے رہائشی نشانت کمار سے ہوئی، جس کے دوران اس کے اہلِ خانہ نے جہیز میں 8 لاکھ روپے نقد، زیورات اور ایک گاڑی بھی دی تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد سسرال میں اس کے ساتھ رویہ تبدیل ہو گیا اور اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت بڑھتی گئی، جبکہ شوہر کی مسلسل ادویات کے استعمال سے اس کی بیماری کا اندازہ ہوا۔
متاثرہ خاتون نے مزید انکشاف کیا کہ اس کے شوہر کے کسی دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات بھی تھے، جس کا علم گھر والوں کو بھی تھا۔
صورتحال اس وقت انتہائی سنگین ہو گئی جب سسرال والوں نے اس سے ایک گردہ دینے یا 30 لاکھ روپے کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اس مطالبے کے بعد خاتون نے سسرال چھوڑ کر اپنے گھر واپس آنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس کا الزام ہے کہ سسرال والوں نے اس کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء اپنے پاس رکھ لیں۔
پولیس حکام کے مطابق شوہر نشانت کمار اور اس کے اہلِ خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔





















