کچھ لوگوں کی کوشش ہے چیئرمین پی ٹی آئی نہ رہوں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ میں چیئرمین نہ رہوں لیکن یہ تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس سماعت کیلئے مقرر تھا، الیکشن کمیشن نے جو ہدایات دی تھیں اس کے مطابق انتخابات کروائے تھے۔
انہوںنے کہاکہ انتخابات کا ریکارڈ ڈیجیٹل فارم میں ہمارے پاس موجود ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) ہمارے مرکزی دفتر سے سارا ریکارڈ لے گئی، الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دے۔
انہوں نے کہا عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیا ہوا ہے، امید ہے ہمیں یہ ریکارڈ مل جائے گا اور پھر پیش کریں گے، اگر ریکارڈ مل گیا تو 22 اکتوبر کو یہ کیس یہ منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وزیر قانون نے میرے ساتھ کوئی مسودہ شیئر نہیں کیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو کہا تھا کہ آپ پارٹی سربراہ نہیں رہیں گے تو اراکین آزاد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی نہ رہوں، انشاء اللہ یہ تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین