احتجاج سے ملکی معیشت کویومیہ 190ارب نقصان : وزیر خزانہ

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ احتجاج اورشہروں کی بندش سے ملکی معیشت کویومیہ 190ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے، ہڑتال یا احتجاج سے معیشت اورعوام پرمنفی اثرات مرتب ہورہے، معیشت استحکام سے نموکی جانب گامزن ہے ایسے میں پاکستان احتجاج اوردہشت گردی کے متحمل نہیں ہوسکتے اورنہ ہی اس کی اجازت دیں گے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے خصوصی ویڈیوپیغام میں کہا کہ معاشی بہتری کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں معاشی استحکام کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں،سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر10.7 ارب ڈالرتک پہنچ گئے، ملکی کرنسی مستحکم ہے،پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہترہورہی ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کے واجبات ادا کئے گئے ہیں اور افراط زرمیں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ احتجاج سے ملکی معیشت کونقصان پہنچ رہاہے، ایک دن ایک شہر بندہونے سے بہت نقصان ہوتاہے، ملکی معیشت کوبڑی محنت سے استحکام کی سطح پرلایاگیاہے اوراب ہم نموکی جانب گامزن ہیں مگرایک دن کی ہڑتال یااحتجاج سے معیشت اورعوام پر منفی اثرات مرتب ہورہے۔
انہوں نے کہاکہ احتجاج اوردہشت گردی کی وجہ سے ملکی معیشت کومسلسل نقصان پہنچ رہاہے، اسلام آباد میں 8لاکھ لوگ گزشتہ چار روز کے احتجاج سے متاثرہوئے ہیں، اگرعوام کیلئے بات کرنی ہے تومیز پربیٹھ کربات کریں، دکانوں اورمارکیٹوں کی بندش سے بہت نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ کے اکنامک ایڈوائزری ونگ نے احتجاج کی وجہ سے نقصان کاجوتخمینہ لگایاہے وہ 190 ارب روپے یومیہ ہے، اس وقت کل جی ڈی پی 124ٹریلین روپے ہے اوراس کی بنیادپریہ تخمینہ لگایاگیاہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین