یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کاامکان
اسلام آباد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں معمولی اضافے کے پیش نظر یکم دسمبر 2024 سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2.87 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ تاہم، متعلقہ حکام نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باعث عالمی منڈیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ممکنہ طور پر تبدیل نہ ہوں۔
موجودہ صورتحال کے مطابق، برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 2 سینٹ بڑھ کر 72.83 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 5 سینٹ کم ہوکر 68.72 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اس وقت 15 دن کی مدت کے آخری 12 دنوں کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافے کی توقع کی جارہی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 248.38 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 251.38 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔