پاکستانی معیشت کیلئے اچھی خبر، زرمبادلہ ذخائر 16.5ارب ڈالر تک پہنچ گئے
اسلام آباد :موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا ۔
تفصیلات کے مطابق، اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر وصول کر لیے گئے ہیں۔ اس رقم کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، اس قرض کی وصولی کے بعد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب 96 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 65 کروڑ ڈالر سے زائد ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 16.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اس قرض کی رقم آئندہ ہفتے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 500 ملین ڈالر کے قرض کا معاہدہ ہوا تھا، جس سے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ یہ رقم پاکستان کے لیے ایک ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ پروگرام کے تحت موسمیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔