بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاستدان تیجاشوی یادو نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھا جائے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سیاسی تناؤ کے باوجود تیجاشوی یادو نے اپنی حکومت سے سوال کیا کہ اگر وزیرِاعظم نریندر مودی 2015 میں لاہور جا کر بریانی کھا سکتے ہیں اور پاکستانی وزیرِاعظم نواز شریف کی نواسی کی شادی میں شرکت کر سکتے ہیں، تو بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کیوں نہیں جا سکتی؟
راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجاشوی یادو نے کھیل میں سیاست کی مداخلت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کھیل اور سیاست دو الگ چیزیں ہیں، انہیں ایک ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ پاکستانی ٹیم بھارت آ سکتی ہے، تو ہماری ٹیم بھی پاکستان جا سکتی ہے۔ کھیل میں مسئلہ کیا ہے؟ یہ تو کوئی جنگ نہیں کہ کھیلوں کے میدانوں میں لڑائی ہو۔
تیجاشوی یادو کا بیان اس وقت سامنے آیا جب بھارت چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے پر مسلسل انکار کر رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی واضح طور پر چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس تنازع کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ابھی تک چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر سکی ہے، حالانکہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں 100 دن سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔
آئی سی سی بورڈ کا آج اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔