پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی مشال یوسفزئی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں انہیں ڈی نوٹیفائی کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مشال یوسفزئی نے خود بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معاون خصوصی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کے بعد مشال یوسفزئی کابینہ سے علیحدہ ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ مشال یوسفزئی کو رواں برس ستمبر میں بھی خیبرپختونخوا حکومت نے مشیر کے عہدے سے فارغ کیا تھا، لیکن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ہدایت پر انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کر لیا گیا تھا۔
مشال یوسفزئی کی برطرفی کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں، جب کہ حکومت کی جانب سے اس فیصلے کی وجوہات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔