ٹک ٹاک کا کم عمر صارفین کے لیے بیوٹی فلٹرز ختم کرنے کا بڑا فیصلہ

شارٹ ویڈیوز کے پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد ہی 18 سال سے کم عمر ٹک ٹاک یوزر کے لیے بیوٹی فلٹرز کا فیچر ختم کردے گا، جو پلیٹ فارم پر مصنوعی خوبصورتی کا تاثر پیدا کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک پر ہر عمر کے صارفین کے لیے بیوٹی فلٹرز دستیاب تھے، جن کے ذریعے صارفین اپنی ویڈیوز میں اپنی ظاہری شکل کو تبدیل یا بہتر کر سکتے تھے۔ تاہم، ایسے فلٹرز کی وجہ سے ایپ کو تنقید کا سامنا رہا، خاص طور پر کم عمر صارفین پر ان کے نفسیاتی اثرات کے باعث۔ کمپنی کے مطابق، بیوٹی فلٹرز کم عمر لڑکیوں سمیت دیگر صارفین کو مصنوعی خوبصورتی کے معیارات کے پیچھے بھاگنے پر مجبور کرتے ہیں، جس سے ان کی خوداعتمادی متاثر ہو سکتی ہے۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق، ٹک ٹاک کے ایک عہدیدار نے یورپی سیفٹی فورم کے دوران تصدیق کی کہ 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے بیوٹی فلٹرز ختم کرنے کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلٹرز، جیسے ’گلیمر بولڈ‘ اور دیگر متنازع فیچرز، کم عمر افراد میں ذہنی دباؤ، خود اعتمادی میں کمی، اور اپنے بارے میں منفی خیالات کا باعث بن رہے ہیں۔ ایپلی کیشن پر موجود بیوٹی فلٹرز کی بدولت، نوجوان لڑکیاں اپنی ظاہری شکل کو بہتر بنانے کے لیے غیر حقیقی خوبصورتی کے پیچھے دوڑنے لگتی ہیں۔

اس عمل سے نہ صرف ان کا اعتماد متاثر ہوتا ہے بلکہ دیگر ذہنی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔ ٹک ٹاک نے اگرچہ اس اقدام کا اعلان کردیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ تبدیلی کب تک مکمل ہوگی۔ امکان ہے کہ بیوٹی فلٹرز کو مختلف ممالک میں مرحلہ وار ختم کیا جائے گا

متعلقہ خبریں

مقبول ترین