پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل تسلیم کر لیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل اختیار کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے اپنی شرائط بھی پیش کی ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ 2031 تک بھارت میں ہونے والے کسی بھی کرکٹ ایونٹ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم بھارت کا سفر نہیں کرے گی۔ اس کے بجائے ان ایونٹس کے میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارت کے ساتھ میچ دبئی میں کھیلنے کی شرط رکھی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے آئی سی سی کی سالانہ آمدنی سے زیادہ حصہ حاصل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت 2031 تک کئی بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا، جن میں 2026 کا ٹی20 ورلڈ کپ (سری لنکا کے ساتھ)، 2029 کی چیمپئنز ٹرافی، اور 2031 کا ون ڈے ورلڈ کپ (بنگلہ دیش کے ساتھ) شامل ہیں۔ ان ٹورنامنٹس کے دوران پاکستان کے میچز بھارت کے بجائے نیوٹرل وینیوز پر کروانے کے امکانات ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ، ون ڈے ورلڈ کپ، اور 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آئی سی سی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین