واٹس ایپ چینلز میں شامل ہونا اب اور بھی آسان، نیا فیچر متعارف

واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے چینلز میں شمولیت کو مزید آسان بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس فیچر کے تحت چینلز تک رسائی کے لیے QR کوڈ کا استعمال کیا جائے گا، جسے اسکین کر کے صارفین براہ راست چینل تک پہنچ سکیں گے اور اپنی پسند کے چینلز جوائن کر سکیں گے۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کی تازہ رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور اسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز کے تازہ ترین ورژنز میں آزمایا جا رہا ہے۔

QR کوڈ استعمال کرنے کے لیے، صارفین کو اپنے فون کا کیمرہ استعمال کرتے ہوئے کوڈ اسکین کرنا ہوگا، جو انہیں چینل کے شارٹ کٹ پر لے جائے گا۔ وہاں سے وہ چینل کو دیکھ سکتے ہیں اور اگر دلچسپی ہو تو شمولیت بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

چینل کے QR کوڈ بنانے کے لیے صارفین کو چینل کی سیٹنگز میں جانا ہوگا، اوپر دائیں جانب تین عمودی ڈاٹ بٹن پر ٹیپ کرنا ہوگا، اور شیئر مینو میں QR کوڈ کا آپشن منتخب کرنا ہوگا۔ یہ کوڈ چینل تک رسائی کا آسان راستہ فراہم کرے گا، خاص طور پر کاروباری اداروں کے لیے جو اپنے بزنس کارڈز، پوسٹرز یا فلائیرز پر QR کوڈ پرنٹ کر سکتے ہیں۔

روایتی طریقوں، جیسے کہ لنک کاپی کر کے چیٹ میں شیئر کرنے کے مقابلے میں یہ طریقہ زیادہ سہل اور موثر ہے، خاص طور پر جب چینل صارفین کے سامنے موجود ہو۔

واٹس ایپ چینلز میں شامل ہونا اب اور بھی آسان، نیا فیچر متعارف
اگرچہ یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ عام صارفین کے لیے یہ کب دستیاب ہوگا۔ اس لیے صارفین کو اس کے مکمل طور پر متعارف ہونے کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں واٹس ایپ نے کئی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں وائس میسجز کو تحریری شکل میں ٹرانسکرائب کرنے اور پیغامات، تصاویر یا لنکس فارورڈ کرتے وقت اپنی مرضی کے پیغامات شامل کرنے کی صلاحیت شامل ہے

متعلقہ خبریں

مقبول ترین