انسداد دہشت گردی کی عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ حکومت نے خود پاکستان کے بچوں کو مار ڈالا اور اب ان ہی لاشوں کا حساب ہم سے مانگ رہی ہے۔
انہوں نے حکومت کے رویے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "میرے پاس اس ظلم پر الفاظ نہیں ہیں۔ مریم نواز کو شرم آنی چاہیے جو عوام کو نا نکلنے پر شاباش دے رہی ہیں، جبکہ خود حکومت لاشیں اٹھا کر لے جا رہی ہے۔”
ڈاکٹر یاسمین نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے اس ظلم کو انسانیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جانوں کا حساب ضرور ہوگا۔
اپنے دورِ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی احتجاج کو نہیں روکا۔ "مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو اور مریم نواز نے لانگ مارچ کیے، لیکن ہم نے انہیں نہیں روکا، کیونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور احتجاج کو عوام کا آئینی حق سمجھتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے ہر کارکن کے ساتھ ہونے والے ظلم کا حساب لے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تاکہ انصاف ہوسکے