بیٹی کی معمولی خواہش پوری کرنے پر والدین کروڑ پتی بن گئے

لاٹری سے حاصل ہونے والی رقم سے نہ صرف اپنے خوابوں کو پورا کریں گے بلکہ کوسوو میں موجود اپنی والدہ کی زندگی کو بھی آسان بنانا چاہتے ہیں،ولڈیت

لندن: برطانیہ میں ایک تین سالہ بچی کی معمولی سی خواہش نے اس کے والدین کی زندگی بدل کر رکھ دی۔ صرف ٹافی کھانے کی ضد نے ان کے لیے 17 کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے کی خوشخبری لا دی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے 44 سالہ ولڈیت بوجاپی اپنی فیملی کے ہمراہ گھر واپس جا رہے تھے جب اُن کی بیٹی نے بار بار ٹافیاں لینے پر اصرار کیا۔ ولڈیت بوجاپی کے مطابق اگر اُن کی بیٹی نے تیسری بار ٹافی مانگنے پر ضد نہ کی ہوتی تو وہ کبھی دکان کے قریب نہ رکتے اور شاید یہ لاٹری ٹکٹ بھی نہ خریدتے۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہیں پتہ چلا کہ وہ لاٹری جیت گئے ہیں تو ان کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ ان کے مطابق، ’’میری بیٹی پہلے ہی میری شہزادی تھی، مگر اب وہ ہماری ملکہ بن گئی ہے۔‘‘
لاٹری میں جیتنے والے اُن کے نمبر تھے 27، 30، 31، 41، 43 جبکہ لکی اسٹار نمبر 8 بھی ان کے ٹکٹ سے میچ کر گیا۔

ان کی اہلیہ ایبے نے دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ’’میں گھر کی صفائی میں مصروف تھی اور باتھ روم صاف کر رہی تھی کہ اچانک شوہر کی کال آئی۔ میں نے دستانے اتارنا بھی مناسب نہ سمجھا، لیکن جب کال سنی تو ولڈیت کا پہلا جملہ یہ تھا: ‘نیویارک کی بکنگ کرو، ہم لاٹری جیت گئے ہیں!’‘‘

یہ جوڑا طویل عرصے سے نیویارک جانے کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا تاکہ وہاں اپنا خوابوں کا سفر مکمل کر سکے، مگر ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے ان کا پلان ملتوی ہو جاتا۔

ولڈیت بوجاپی نے بتایا کہ ’’اب ہمارے پاس وہ سب کچھ ہے جو ہم چاہتے تھے۔ ہم نیویارک جا سکتے ہیں اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ دلچسپ لمحہ وہ تھا جب انہوں نے اپنے 12 سالہ بیٹے کو خوشخبری سنائی۔ بیٹے نے پہلے یقین نہیں کیا اور سمجھا کہ والدین مذاق کر رہے ہیں، مگر جب والد نے لاٹری ایپ پر جیتنے والا ٹکٹ دکھایا تو وہ خوشی سے جھوم اٹھا۔

ولڈیت نے کہا کہ وہ لاٹری سے حاصل ہونے والی رقم سے نہ صرف اپنے خوابوں کو پورا کریں گے بلکہ کوسوو میں موجود اپنی والدہ کی زندگی کو بھی آسان بنانا چاہتے ہیں۔

نیشنل لاٹری کے سینئر مشیر اینڈی کارٹر نے بھی اس خوش قسمت فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ،

“ولڈیت اور ان کی فیملی کے لیے آنے والے دن یقینی طور پر یادگار اور خوشیوں سے بھرپور ہوں گے۔”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین