’تم خالصتان کی فکر کرو‘ سلمان خان کا بیان پاکستانی صارفین کے نشانے پر

بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے، تم اپنے خالصتان کی فکر کرو،صارف کا ردعمل

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو حال ہی میں دیا گیا ایک بیان خاصا مہنگا پڑ گیا ہے۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ Joy Forum کے دوران سلمان خان نے گفتگو کرتے ہوئے ایسا تبصرہ کر دیا جس نے پاکستان سمیت سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔

تقریب کے دوران سلمان خان نے مختلف زبانوں کی فلموں کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بالی وڈ، تامل، تیلگو یا ملیالم فلم یہاں (سعودی عرب میں) ریلیز کی جائے تو وہ سپر ہٹ ثابت ہوتی ہے اور کروڑوں کا بزنس کرتی ہے، کیونکہ یہاں مختلف ممالک سے لوگ کام کے سلسلے میں آتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، ’’یہاں بلوچستان سے لوگ آتے ہیں، یہاں افغانستان سے لوگ آتے ہیں، یہاں پاکستان سے بھی لوگ ملازمت کے لیے آتے ہیں۔‘‘

یہی جملہ سلمان خان کے لیے تنازع کی بنیاد بن گیا۔ ان کے اس بیان میں بلوچستان کو بطور ایک الگ ملک بیان کرنے پر پاکستانی صارفین نے شدید ردِعمل ظاہر کیا۔ سلمان خان کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس کے بعد انہیں مختلف حلقوں سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Niche Lifestyle (@nichelifestyle)

سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو یاد دلایا کہ بلوچستان کوئی الگ ملک نہیں بلکہ پاکستان کا ایک اہم صوبہ ہے۔ درجنوں صارفین نے سلمان خان کو ٹیگ کرتے ہوئے انہیں تنقیدی پیغامات بھیجے۔

ایک صارف “ہیر” نے سلمان خان کو سخت لہجے میں مخاطب کرتے ہوئے لکھا، “بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے، تم اپنے خالصتان کی فکر کرو۔”

ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا، “سلمان خان کے مداح بھی دنیا بھر میں موجود ہیں، مثلاً خالصتان، ہندوستان اور افغانستان میں۔”

ایک صارف نے لکھا، “بلوچستان کوئی ریاست نہیں بلکہ پاکستان کا صوبہ ہے، البتہ خالصتان واقعی ایک الگ ریاست ہے۔”

دوسرے صارف نے سلمان خان کو یاد دلایا کہ “آپ کو خالصتان سے بھی لوگ پسند کرتے ہیں، ان کا ذکر کیوں بھول گئے؟”

زین نامی صارف نے بھی طنزیہ انداز میں کہا، “آپ نے خالصتان کا نام کیوں نہیں لیا؟ وہاں کے لوگ بھی تو بھارت میں کام کے لیے جاتے ہیں۔”

یہ ردعمل اتنا شدید تھا کہ سوشل میڈیا پر #BalochistanPakistanKaHai اور #SalmankhanApologize جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔

سلمان خان جیسے عالمی سطح پر پہچانے جانے والے اداکار سے الفاظ کے چناؤ میں محتاط رہنے کی توقع کی جاتی ہے۔ بلوچستان کو الگ ملک کے طور پر پیش کرنا نہ صرف پاکستانیوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے بلکہ یہ سفارتی حساسیت کے دائرے میں بھی آتا ہے۔ ایسے بیانات خطے کے سیاسی معاملات کو متاثر کر سکتے ہیں، خاص طور پر جب کسی بڑی شخصیت کی زبان سے نکلیں۔

ممکن ہے سلمان خان کا مقصد کسی قسم کی سیاسی بات کرنا نہ ہو اور ان کا یہ تبصرہ غیر ارادی طور پر غلط فہمی پر مبنی ہو، لیکن عالمی سطح پر موجود مداحوں اور میڈیا کی حساسیت کے پیشِ نظر انہیں آئندہ ایسے تبصروں میں مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین