اسلام آباد:پاکستان کی عسکری قیادت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ دفاع نے یہ نوٹیفکیشن صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد جاری کیا، جس کے ساتھ پاکستان کی دفاعی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل رقم ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دی تھی، جس کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیرجو اس وقت آرمی چیف کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں کو مزید پانچ سال کے لیے پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ تاریخی فیصلہ پاکستان کے دفاعی انتظام میں ایک نئی ساخت متعارف کرواتا ہے، جس کا مقصد مشترکہ دفاعی فیصلوں میں ہم آہنگی، تینوں افواج کے درمیان کوآرڈینیشن اور قومی سلامتی کے ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
ایئر چیف کی خدمات میں توسیع کا نوٹیفکیشن بھی منظور
اسی سلسلے میں صدر آصف علی زرداری نے چیف آف ایئر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے۔
یہ توسیع ان کی موجودہ مدتِ ملازمت کی تکمیل19 مارچ 2026کے بعد نافذ العمل ہوگی۔ اس فیصلے سے پاک فضائیہ کی قیادت میں تسلسل اور دفاعی پالیسیاں مزید استحکام حاصل کریں گی۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی سمری پر دستخط کر کے اسے منظوری کے لیے ایوانِ صدر بھیجا تھا، جسے صدر مملکت نے بغیر کسی اعتراض کے منظور کرلیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پاکستان میں دفاعی قیادت کے ڈھانچے کی ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی ہے۔
CDF کا عہدہ روایتی عسکری نظم سے ہٹ کر تینوں افواج کے لیے متحدہ کمانڈ فراہم کرے گا، جو جدید جنگی حکمتِ عملی، خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال اور عالمی پاور اسٹرکچر کے تناظر میں نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کے فیصلوں میں رفتار، ہم آہنگی اور مؤثریت بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
بعض ماہرین کے مطابق CDF کے عہدے سے دفاعی اداروں میں فیصلہ سازی مزید مرکزی ہو جائے گی، جبکہ دیگر اس تبدیلی کو مستقبل قریب میں عسکری اور حکومتی ذمہ داریوں میں بہتر توازن قائم کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
عوامی رائے بھی خاصی متنوع ہے۔
کئی لوگ اسے پاکستان کے دفاعی ڈھانچے کی مضبوطی سمجھتے ہیں اور سوشل میڈیا پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دے رہے ہیں، جبکہ کچھ حلقے عہدے کے اختیارات اور مستقبل کے عسکری فیصلوں پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔
آپ کی رائے؟
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کے بارے میں آپ کیا سوچتے ہیں؟
اپنی رائے کمنٹ میں ضرور بتائیں۔





















