ڈیجیٹل اخلاقیات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر محمد طاہر القادری

احترام اور برداشت سے ہی مثبت ڈیجیٹل کلچر فروغ پا سکتا ہے:منہاج یوتھ لیگ کے ذمہ داران سے گفتگو

لاہور:تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت ، اس کے اخلاقی تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ اظہار ہے جو خیر و شر دونوں کے فروغ کا سبب بن سکتا ہےاس لئے اس کا استعمال اعلیٰ اخلاقی اقدار، سچائی اور ذمہ داری کے ساتھ ہونا چاہئے۔وہ گزشتہ روز منہاج یوتھ لیگ کے ذمہ داران سے گفتگو کر رہے تھے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا رائے عامہ کی تشکیل، تعلیم، دعوت اور اصلاح معاشرہ کا موثر ذریعہ بن چکا ہے،اگر اسے مثبت اورتعمیری مقاصد کےلئے استعمال کیا جائے تویہ علم، شعور اورامن کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہےجب کہ غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی استعمال معاشرتی بگاڑ،نفرت اور انتشار کو جنم دیتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا صارفین کو خبر یا معلومات شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کرنی چاہئے کیونکہ چھوٹی خبروں اور منفی پراپیگنڈے سے نہ صرف افراد بلکہ پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔

اسے بھی پڑھیں: محققین اور سکالرز کا کردار اُمت کے مستقبل کا تعین کرتا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

انہوں نے کہاکہ دین اسلام ہمیں سچ بولنے ، امانتداری اور دوسروں کی عزت و آبرو کے تحفظ کی تعلیم دیتا ہے اور یہی اصول سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کو وقت کے ضیاع، کردار کشی اور بے مقصد بحث مباحثے کی بجائے علم، تحقیق، کردار سازی اور مثبت مکالمے کےلئے استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل اخلاقیات کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر شائستگی،برداشت اور احترام کو فروغ دینا ہی ایک مہذب اور پر امن معاشرے کی بنیاد ہے۔اختلاف رائے کو شائستہ انداز میں پیش کرنا اور نفرت انگیز رویوں سے اجتناب کرنا ہر فر دکی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین