آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کی نیو ایئر نائٹ سے متعلق ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ان دنوں بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی اور حارث رؤف سمیت کئی پاکستانی کھلاڑی آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔
آج میلبرن رینیگیڈز اور سڈنی سکسرز کے درمیان ہونے والے میچ کی خاص بات یہ ہے کہ موجودہ سیزن میں پہلی بار بابر اعظم اور محمد رضوان ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئے۔
میچ سے قبل پری میچ شو کے دوران محمد رضوان معروف پریزینٹر مارک ہووارڈ سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ نیو ایئر نائٹ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ گزاری۔
اسی لمحے بابر اعظم وہاں سے گزر رہے تھے کہ مارک ہووارڈ کے کہنے پر محمد رضوان نے انہیں آواز دے کر گفتگو میں شامل کر لیا۔
نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے بتایا کہ وہ دونوں ایک ساتھ تھے، تاہم رضوان کی فیملی ہوٹل میں ہی موجود تھی۔ بابر نے بتایا کہ انہوں نے اس موقع پر کنڈیشنز اور میچ سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔
مارک ہووارڈ نے مزاحیہ انداز میں سوال کیا کہ کل آپ دونوں ایک ساتھ نیو ایئر نائٹ منا رہے تھے اور آج ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے، کیا وکٹوں کے پیچھے سے رضوان آپ کو تنگ کریں گے؟
اس پر بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے عادی نہیں، لیکن آج وہ بھی رضوان کی بیٹنگ کے دوران انہیں تنگ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
محمد رضوان نے جواب میں کہا کہ وہ بابر اعظم کو ہمیشہ عزت دیتے ہیں کیونکہ وہ ایک بہترین انسان ہیں، تاہم چونکہ آج وہ حریف ٹیم میں ہیں اس لیے وہ وہی کریں گے جو ان کی ٹیم کے لیے ضروری ہوگا۔
یہ دوستانہ جملے اور خوشگوار ماحول شائقینِ کرکٹ کو خوب بھا گیا، جس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔





















