محمدپوردیوان (ملک عنصر عباس قادری) محمدپور شہر بھر میں نالیوں اور نکاسی آب کے نظام کی مکمل ناکامی کے باعث گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں گندگی کے ڈھیر اور تعفن پھیل رہا ہے۔ شہریوں نے روزنامہ تحریک کے نمائندہ کو بتایا کہ صاف ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیمیں شہر میں نہ ہونے کے برابر ہیں، جس سے شہر بھر میں صفائی کا معیار شدید متاثر ہوا ہے۔
اسے بھی پڑھیں: روزانہ فلاسنگ عادت بنائیں، 50 سے زائد بیماریوں کے خطرات میں کمی ممکن: ماہرین
مقامی رہائشیوں اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی اور کچرے کی وجہ سے مچھروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔ بچوں اور بزرگ شہریوں میں ملیریا اور دیگر مچھروں سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے کیسز بڑھ گئے ہیں، جس سے عوام کی صحت شدید خطرے میں ہے۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ فوری طور پر شہر بھر میں مچھر مار سپرے کیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کی فوری مرمت و صفائی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں گے، کیونکہ اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور عوام کی زندگی مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔متاثرہ شہریوں نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی کے حوالے سے موجودہ انتظامیہ کی نااہلی عوام کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے اور سیاسی پسند و ناپسند کے تحت کام کرنے والے ملازمین شہریوں کے حقیقی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہے۔





















