اسلام آباد: (خصوصی رپورٹ: غلام مرتضیٰ)امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات کے لیے ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، جہاں وہ اہم سفارتی عمل میں شرکت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر Mohammad Bagher Ghalibaf کی قیادت میں آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم Ishaq Dar، وزیر داخلہ Mohsin Naqvi اور اسپیکر قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔
ایرانی وفد اسلام آباد میں امریکی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے پر بات چیت کرے گا، جسے خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ وفد میں اہم شخصیات شامل ہیں جن میں وزیر خارجہ Abbas Araghchi، سپریم قومی دفاعی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی اور دفاعی کونسل کے سربراہ محمد باقر ذوالقدر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں جنگ بندی کے خدوخال، اعتماد سازی کے اقدامات اور خطے میں استحکام کے لیے تجاویز زیر غور آئیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جنگ بندی سے قبل دو اہم شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے، جن میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور لبنان میں فوری جنگ بندی شامل ہیں، تاہم ان پر ابھی تک پیش رفت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق ایران کے سرکاری طیارے اسلام آباد پہنچے، جس سے اس اہم سفارتی عمل کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔





















