اسلام آباد: (خصوصی رپورٹ: غلام مرتضیٰ)ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان آمد کے موقع پر ایک انتہائی جذباتی منظر سامنے آیا، جب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر Mohammad Bagher Ghalibaf نے دورانِ پرواز ایک تصویر شیئر کر کے دنیا کی توجہ مناب سانحے کی جانب مبذول کرا دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ پیغام میں باقر قالیباف نے طیارے کے اندر لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “سفر کے دوران یہ میرے ساتھی ہیں”، تصویر میں جہاز کی نشستوں پر حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کی تصاویر رکھی گئی تھیں، جنہیں پھولوں سے سجایا گیا تھا جبکہ بچوں کے بستے اور جوتے بھی نمایاں تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ خصوصی پرواز “مناب 168” کے نام سے اسلام آباد پہنچی، جس میں ایرانی وفد ان معصوم بچوں کی یادیں اپنے ساتھ لے کر آیا جو 28 فروری کو مناب کے ایک اسکول پر حملے میں شہید ہوئے تھے، اس واقعے میں کم از کم 168 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔
ایرانی وفد کی جانب سے شہید بچوں کی تصاویر اور ذاتی اشیاء ساتھ لانے کا مقصد نہ صرف انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے بلکہ عالمی برادری کو اس سانحے کی سنگینی کا احساس دلانا بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد کی قیادت محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ وزیر خارجہ Abbas Araghchi بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں وہ امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر Donald Trump نے بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات کے لیے ایک مضبوط ٹیم اسلام آباد بھیجی گئی ہے، جس میں جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف شامل ہیں۔
یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے، اور “مناب 168” پرواز اس کشیدہ صورتحال میں ایک دردناک انسانی المیے کی علامت بن کر سامنے آئی ہے۔





















