2014 جیسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاق پر دن رات چڑھائی کی جارہی ہے، گالیاں اور دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن ہم اب 2014 جیسی کوئی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کو ترقی کے سفر سے اب کوئی نہیں روک سکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کروائی گئی۔شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بشام واقعے کے بعد کراچی میں دہشت گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ ہوا جس میں ہمارے 2 چینی بھائی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ،حملے میں کچھ پاکستانی بھی زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بشام واقعے کے بعد چینی حکومت کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے مضبوط اقدامات ہونے چاہیے اور جب میں جون میں چین گیا تو ان کو یقین دہانی کروائی لیکن اس کے باوجود بدقسمتی سے گزشتہ روز یہ واقعہ ہوا۔
انہوںنے کہا کہ چین کے سفیر سے ملاقات میں افسوس کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ تمام تر کاوشوں کے باوجود یہ واقعہ ہوا جس پر ہمیں شرمندگی ہے لیکن ہمارا حوصلہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور ہم سیکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ چینی سفیر کو یقین دلایا کہ ہم نے شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس ای او)کانفرنس کے لیے پوری طرح انتظامات کیے ہیں اور تفصیلات ان سے شیئر کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کے اوپر دن رات چڑھائی کی جارہی ہے، دھمکیاں دی جارہی ہیں اور انتہائی افسوناک اور بے ہودہ گفتگو کی جارہی ہے، آپ جانتے ہیں کس طرح 15-2014 میں ڈی چوک پر دھرنا دیا گیا اور جو کچھ کیا گیا، آج پھر پاکستان کے خلاف دشمنوں اور گھس بیٹھیوں کے ناپاک عزائم کو دہرایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کا اعلان ہوگیا لیکن اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے اس بات کا احساس نہیں کیا کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے کتنا معاشی نقصان ہوگا۔انہوںنے کہاکہ جب مجھے اطلاع دی گئی کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوگیا تو میں نے وزیراعظم نوازشریف سے بات کی جس پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے عظیم منصوبے کی شروعات ہونے والی تھی جس میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہونی تھی جس کو نقصان پہنچایا گیا اور پاکستان کے امیج اور مفاد کو نقصان پہنچانے کا اس سے زیادہ کوئی حربہ نہیں ہوسکتا۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سمیت دیگر ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3 روز کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا، کابینہ ڈویڑن نے 14، 15 اور 16 اکتوبر کو راولپنڈی، اسلام آباد میں تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین