پیر, نومبر 25, 2024

احتجاج کی کال دینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے: محسن نقوی

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی تھی اور لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے، پولیس اہلکار کے قتل کی ایف آئی آر ان سب افراد پر درج ہوگی جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے کہاہے کہ 119پولیس اہلکار زخمی ہوئے کچھ کی حالت تشویشناک ہے، ہم نے اسلحہ کا استعمال نہیں کیا، ہم ملک کو محفوظ بنانے کیلئے تیار ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
تفصیلا ت کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شہید ہونیوالے پولیس کانسٹیبل مبشربلال کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔نمازجنازہ میں وزیرداخلہ محسن نقوی ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس اور عسکری افسران سمیت مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہید پولیس اہلکار مبشر بلال کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گولی کا جواب گولی سے دینا آسان تھا، پولیس نے گولی کا جواب آنسوگیس یا ربر بلٹ سے دیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ شہیدوں کی فیملی سے وعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی وہ سب پولیس اہلکار کی شہادت کے ذمہ دار ہیں، مبشر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے شہید ہوئے۔ انھوں نے کہاکہ ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، اسلام آباد پولیس کے 2جوان شدید زخمی ہیں تمام لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، پنجاب پولیس کا بہت نقصان ہوا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں لیکن ہم نے گولی کا جواب نہیں دیا ہم صورتحال اور ملک کو محفوظ بنانے کیلیے تیار ہیں،راولپنڈی پولیس افسران کے سامنے گولیاں چلائی گئی، ہم نے صرف آنسو گیس استعمال کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے کہاکہ 119پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
آئی پنجاب نے کہاکہ ہمارے 119لوگ زخمی ہیں جبکہ 22گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔انہوںنے کہاکہ ہماری 2لاکھ سے زائد کی فورس ہے، ہم نے اسلحہ کا استعمال نہیں کیا، ہم ملک کو محفوظ بنانے کیلئے تیار ہیں اور کھڑے رہیں گے،ہم نے کسی پر گولی کا استعمال نہیں کیا اور نہ کرنا چاہتے ہیں۔

Related Articles

Latest Articles