بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے رابطہ کیا گیا، لیکن عمران خان کے احتجاج کے لیے متبادل مقام کی منظوری کے باوجود بشریٰ بی بی نے رضامندی ظاہر کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر ڈی چوک کے بجائے کسی اور جگہ لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے انہیں ہر حالت میں ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت دی ہے، اور کارکن کسی بھی متبادل مقام پر راضی نہیں ہوں گے۔
مزید برآں، اطلاعات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے مذاکرات کے حوالے سے خاموشی برقرار رکھی، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے قریبی مشیر بیرسٹر گوہر بھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ قیادت اب تک دھرنے کے حتمی مقام کا فیصلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ قیادت میں سے کوئی بھی اس معاملے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے اعتراف کیا کہ کارکنان کو اسلام آباد کے حتمی مقام پر پہنچانے کے لیے رابطہ کاری میں مشکلات کا سامنا ہے۔