کراچی: سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل اور سیاست کو آپس میں ملا کر کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جو کھیل کی روح کے خلاف ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سکیورٹی کے ممکنہ خطرات کے باوجود 5 بار بھارت جا چکی ہے، جن میں وائٹ بال کرکٹ سیریز بھی شامل ہے۔ ان حالات میں بھارتی رویے پر سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آئی سی سی اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے مضبوط قیادت کا مظاہرہ کریں اور کھیل کو سیاست سے آزاد رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں