بیجنگ: چین کے صوبے ہینان میں سونے کا ایک بے مثال ذخیرہ دریافت ہوا ہے، جس کی مالیت 80 ارب ڈالر سے زائد بتائی جارہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ذخیرہ ہینان اکیڈمی آف جیولوجی کے ماہرین نے 2,000 میٹر سے زیادہ گہرائی میں دریافت کیا ہے، جہاں تقریباً 300 ٹن سونا موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اب تک چین میں ملنے والے سونے کے ذخائر میں سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔
ذخائر کی تلاش کرنے والے گروپ نے مزید انکشاف کیا ہے کہ 3,000 میٹر کی گہرائی میں بھی ایک ہزار ٹن سونے کی موجودگی کا امکان ہے، جس سے یہ دریافت چین کی معدنی دولت میں ایک نیا اضافہ ثابت ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ چین دنیا میں سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والا ملک ہے، جو عالمی پیداوار کا تقریباً 10 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے۔ اس نئی دریافت کے بعد چین کی سونے کی صنعت میں مزید ترقی کی امید کی جارہی ہے۔