رمضان میں شوگر کے مریض بھی میٹھے پکوانوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، مگر کیسے؟

اگر آپ بھی شوگر فری میٹھے پکوان بنانے کے خواہشمند ہیں تو یہ آسان اور مزیدار تراکیب ضرور آزمائیں!

رمضان المبارک میں افطار کی میز پر میٹھے پکوانوں کا ہونا عام بات ہے، لیکن شوگر کے مریض اکثر ان سے محروم رہتے ہیں کیونکہ زیادہ مٹھاس ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اور شوگر فری اجزاء کا استعمال کرکے یہ افراد بھی مزیدار میٹھے پکوانوں کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ یہاں چند آسان اور مزیدار شوگر فری میٹھے پکوانوں کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں، جنہیں رمضان میں آزمایا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شوگر کے مریضوں کو میٹھے کھانے سے پرہیز کرنا پڑتا ہے کیونکہ زیادہ چینی ان کے خون میں گلوکوز کی سطح کو خطرناک حد تک بڑھا سکتی ہے۔ لیکن رمضان میں، جب ہر گھر میں افطاریوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، تو شوگر فری میٹھے پکوان بنا کر شوگر کے مریضوں کو بھی مزیدار ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ بھی شوگر فری میٹھے پکوان بنانے کے خواہشمند ہیں تو یہ آسان اور مزیدار تراکیب ضرور آزمائیں!

ڈائبیٹک کوکیز

اجزاء:

مکھن: 100 گرام
براؤن شوگر: 110 گرام
انڈا: 1 عدد
دودھ: 2 کھانے کے چمچ
نمک: 1/4 چائے کا چمچ
میٹھا سوڈا: 1/2 چائے کا چمچ
بھنے ہوئے چنے: 150 گرام
میدہ: 150 گرام
مونگ پھلی: 150 گرام

ترکیب:
اوون کو 170 ڈگری پر گرم کریں۔ مکھن اور براؤن شوگر کو اچھی طرح مکس کریں، پھر انڈا، دودھ، نمک، میٹھا سوڈا، چنے، میدہ اور مونگ پھلی شامل کرکے مکس کریں۔ اپنی پسند کی شکل میں کوکیز بنا کر بیک کریں۔ 10 سے 12 منٹ میں مزیدار کوکیز تیار ہو جائیں گی۔ انہیں ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کریں اور ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔

ڈائبیٹک فریش ایپل کیک

اجزاء:

سوئیٹنر: 2 کپ
انڈے: 3 عدد
سیلف ریزنگ فلار: 3 کپ
اورنج جوس: 1/4 کپ
تیل: 1.5 کپ
دارچینی: 1 کھانے کا چمچ
ونیلا ایسنس: 1 کھانے کا چمچ
کٹے اخروٹ: 1 کپ
سوکھا کھوپرا: 1 کپ
باریک کٹے سیب: 3 کپ
آئسنگ شوگر: حسبِ ضرورت

ترکیب:
اوون کو 235 ڈگری پر گرم کریں اور ایک ٹیوب پین کو گریس کر لیں۔ ایک بڑے پیالے میں سوئیٹنر، انڈے، سیلف ریزنگ فلار، اورنج جوس، تیل، دارچینی اور ونیلا ایسنس ڈال کر بیٹ کریں۔ جب آمیزہ فلفی ہو جائے تو کٹے اخروٹ، سوکھا کھوپرا اور سیب ڈال کر اچھی طرح فولڈ کریں۔ آمیزے کو گریس کیے ہوئے پین میں ڈال کر 90 منٹ بیک کریں۔ تیار ہونے کے بعد آئسنگ شوگر چھڑک کر پیش کریں۔

گجریلا شوگر فری

اجزاء:

گاجریں: 2 عدد (بڑی)
ملائی کے بغیر دودھ: 500 ملی لیٹر
شوگر فری سویٹنر: حسبِ ذائقہ

ترکیب:
گاجروں کو چھیل کر کدو کش کریں، پھر ایک سوس پین میں دودھ اور گاجریں ڈال کر اتنا پکائیں کہ گاجریں نرم ہو جائیں اور دودھ خشک ہو جائے۔ آنچ سے ہٹاکر شوگر فری سویٹنر شامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔ گرم یا ٹھنڈا دونوں طرح پیش کیا جا سکتا ہے۔

شوگر فری فروٹی دہی

اجزاء:

کٹا ہوا انناس: 1 کپ
کٹا ہوا پپیتا: 1 کپ
تازہ اورنج جوس: 1 کپ
تازہ گاڑھا دہی: 4 کپ
شوگر فری سویٹنر: 1 کھانے کا چمچ

ترکیب:
تمام پھلوں کو گرائنڈر میں ڈالیں، اورنج جوس اور سویٹنر شامل کرکے اچھی طرح گرائنڈ کریں۔ پھر آہستہ آہستہ دہی شامل کریں اور ایک بار پھر گرائنڈ کریں جب تک کہ سب چیزیں یکجان نہ ہو جائیں۔ آمیزے کو حسبِ ذائقہ گاڑھا یا پتلا کیا جا سکتا ہے۔ ٹھنڈا کرکے گلاس میں نکالیں اور سرو کریں۔

شوگر فری کدو کا حلوہ

اجزاء:

کدو: 1.5 کلو
دودھ: 750 ملی لیٹر
شوگر فری سویٹنر: حسبِ پسند
میدہ: 250 گرام
تیل: حسبِ ضرورت
ہری الائچی: 6 عدد (پسی ہوئی)
کاجو، پستے، بادام: 12، 12 عدد
بادام ایسنس، گلاب کا پانی: چند قطرے
کھانے کا رنگ (ہرا): چند قطرے

ترکیب:
ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں، اس میں کدو ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو دودھ اور سویٹنر شامل کرکے پکائیں۔ جب کدو نرم ہو جائے تو ہینڈ بلینڈر کی مدد سے پیس لیں۔ اب بادام کا ایسنس، گلاب کا عرق اور الائچی شامل کریں اور پکائیں۔ جب تیل الگ ہو جائے تو تھوڑا سا میدہ شامل کریں اور مسلسل چمچ چلاتے رہیں۔ تیار ہونے پر پستہ، کاجو اور بادام سے گارنش کریں اور گرم گرم سرو کریں۔

شوگر فری چاکلیٹ براؤنی

اجزاء:

شوگر فری چاکلیٹ: 1/4 کپ
براؤن شوگر: 1/2 کپ
کلوریز فری سویٹنر: 1/2 کپ
انڈے: 2 عدد
میدہ: 1/2 کپ
تیل: 1/2 کپ
بیکنگ سوڈا: 1 کھانے کا چمچ

ترکیب:
اوون ڈش کو تیل سے گریس کریں اور اس پر بٹر پیپر بچھا دیں۔ ایک پین میں شوگر فری چاکلیٹ کو پگھلا کر کریمی بنا لیں۔ ایک باؤل میں انڈے بیٹ کریں اور اس میں چاکلیٹ والا مکسچر شامل کریں۔ اب میدہ، براؤن شوگر اور سویٹنر شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔

اس مکسچر کو اوون ڈش میں ڈالیں اور 80 ڈگری پر 20 منٹ بیک کریں۔ نکال کر چند منٹ ٹھنڈا کریں اور اوپر شوگر فری کوکو پاؤڈر چھڑک کر گرم گرم پیش کریں۔

یہ تمام شوگر فری میٹھے پکوان رمضان میں شوگر کے مریضوں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ان کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے!

متعلقہ خبریں

مقبول ترین