بنوں کینٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 6 خارجی ہلاک، شہریوں کی شہادت کا خدشہ، سیکیورٹی ذرائع

حملے کے نتیجے میں قریبی گھروں کو نقصان پہنچا، ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے

بنوں کینٹ پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ افطار کے وقت دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، جس سے ایک قریبی گھر اور مسجد کو نقصان پہنچا۔ حملے میں 9 شہری شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔ فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ باقی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا اور تمام دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج افطار کے وقت، جب بنوں بازار میں رش تھا، دہشت گردوں نے دو بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔ اس حملے میں 9 شہری شہید جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں قریبی گھروں کو نقصان پہنچا، ایک گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو روک لیا۔ مختلف داخلی راستوں پر تعینات چوکس سیکیورٹی عملے نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دیگر دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہِ رمضان میں افطار کے وقت معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ فورسز نے واضح کیا ہے کہ تمام دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا، تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین