لاہور:معروف اداکارہ اور میزبان جویریہ سعود نے کہا ہے کہ ماؤں کو اپنی بیٹیوں کے رشتے کے لیے کم عمری سے ہی کوشش کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر لڑکیوں کی شادی کی عمر نکل جائے تو اس میں والدین کی عدم توجہی بھی ایک وجہ بن سکتی ہے۔
نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جویریہ سعود نے کہا کہ اگر کسی گھر میں بیٹی کنواری رہ جائے اور اس کی شادی وقت پر نہ ہو تو اس میں ماؤں کا بھی کردار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق کئی مائیں اس انتظار میں رہتی ہیں کہ جب اللہ چاہے گا، رشتہ خود بخود آ جائے گا، لیکن حقیقت میں والدین کو خود بھی بیٹیوں کے اچھے رشتوں کی تلاش میں سرگرم رہنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ ماؤں کو چاہیے کہ وہ لوگوں سے میل جول بڑھائیں اور اپنی بچیوں کے لیے مناسب رشتے کم عمری سے ہی تلاش کرنا شروع کر دیں تاکہ وقت پر اچھی جگہ شادی ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کام اللہ کی مرضی سے ہوتا ہے، لیکن جب تک کھانے کا نوالہ منہ تک نہ لایا جائے، کھایا نہیں جا سکتا۔ یعنی کوشش کرنا بھی ضروری ہے۔
جویریہ سعود نے یہ بات اپنے ایک ڈرامے کے حوالے سے کی، جس کی وہ مصنفہ بھی ہیں۔ اس ڈرامے میں ایک ایسی لڑکی کی کہانی دکھائی گئی ہے، جس کی شادی کی عمر نکل چکی ہے اور وہ اپنے گھر میں دیگر بھابھیوں اور بہنوں کی خوشحال ازدواجی زندگی دیکھ کر احساسِ محرومی کا شکار ہو جاتی ہے۔