لاہور:پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فائدے سے پاکستان کے عوام محروم کیوں ہیں؟ فی لیٹر قیمت میں کم از کم 50روپے کمی ہونی چاہیے۔ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پچھلے تین سالوں میں کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔ بجلی کی قیمتیں بھی کم ہونی چاہیے۔
پٹرولیم مصنوعات کے سستا ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔پروڈکشن بڑھے گی مہنگائی اور بیروزگاری کم ہو گی۔ اب وقت آگیا ہے ان ڈائریکٹ ٹیکسز کے انتظامی رویے کو بدلا جائے۔ بجلی کے تین سو یونٹ استعمال کرنے والے بجلی کے گھریلو صارفین کو جی ایس ٹی میں مکمل چھوٹ دی جائے۔ اقتصادی استحکام کے حکومت دعوت درست ہیں تو پھر اس کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہر سال مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بلند و بانگ دعویے کیے جاتے ہیں مگر ناجائز منافع خوروں کو کوئی حکومت بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچا سکی۔ حکومت اگر ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو قانون کے مطابق کڑی سزا دلوانے میں کامیاب ہو جائے تو اشیائے خورونوش پر اربوں روپے کی سبسڈی دینے کی ضرورت بھی پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا گڈ گورننس کا ایشو ہے اس طرف توجہ دی جائے۔