کراچی:کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں افطاری دینے کے بہانے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی کوشش کی گئی، مگر مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ گولی ماربل کے فرش سے ٹکرا کر ٹکڑوں میں بٹ گئی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر نے افطاری کے وقت واردات کا نیا طریقہ اپنا لیا ہے، جس میں خواتین کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں خاتون سمیت تین ڈاکوؤں نے افطاری دینے کے بہانے ایک گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جیسے ہی گھر کے افراد نے دروازہ کھولا، ڈاکوؤں نے اندر گھس کر لوٹ مار شروع کر دی۔ اس دوران جب گھر کے مکینوں نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 51 سالہ واحد علی اور ان کی 48 سالہ اہلیہ حنا زخمی ہو گئے۔
ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن آغا اسلم کے مطابق واقعہ سیکٹر سیون ڈی نسیم آباد قبا مسجد کے قریب پیش آیا۔ ڈاکوؤں نے چالاکی سے افطاری دینے کا بہانہ بنایا، جس پر گھر کے افراد نے دروازہ کھولا اور ڈاکو اندر گھس آئے۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فرش پر گولی چلائی، جو ماربل سے ٹکرا کر کرچیوں میں تبدیل ہو گئی اور واحد علی اور ان کی اہلیہ کو جا لگی۔
پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں مجرم افطار سے کچھ دیر قبل وارداتوں میں خواتین کا استعمال کر رہے ہیں۔ خاتون ہاتھ میں ایک پلیٹ لے کر دروازے پر دستک دیتی ہے، تاکہ گھر کے لوگ اسے محلے دار سمجھ کر دروازہ کھول دیں۔ جیسے ہی دروازہ کھلتا ہے، اس کے ساتھ موجود مسلح ساتھی اندر گھس کر لوٹ مار شروع کر دیتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واردات میں ڈاکو اپنا منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہے اور فرار ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔