کون سی سبزیاں فریج میں رکھنے سے مضر صحت ہو سکتی ہیں؟

کچھ سبزیاں ٹھنڈک کی وجہ سے اپنی اصل غذائی افادیت کھو دیتی ہیں

سبزیوں کو تازہ رکھنے کے لیے ہم اکثر فریج کا استعمال کرتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ سبزیاں فریج میں رکھنے سے اپنی غذائیت کھو کر صحت کے لیے نقصان دہ بن سکتی ہیں؟ کچھ سبزیاں ٹھنڈک کی وجہ سے اپنی ساخت اور ذائقہ بدل لیتی ہیں، جس سے وہ نہ صرف بے مزہ ہوجاتی ہیں بلکہ بعض اوقات صحت پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ جانئے وہ سبزیاں جو فریج میں رکھنے سے خراب ہوجاتی ہیں اور نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

ہم سبزیوں کو تازہ رکھنے کے لیے فریج میں محفوظ کرتے ہیں تاکہ وہ جلدی خراب نہ ہوں اور زیادہ دنوں تک قابلِ استعمال رہیں۔ تاہم، ہر سبزی کو فریج میں رکھنا فائدہ مند نہیں ہوتا، کیونکہ کچھ سبزیاں ٹھنڈک کی وجہ سے اپنی اصل غذائی افادیت کھو دیتی ہیں اور ان کا استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

آلو

آلو ہر گھر میں استعمال ہونے والی عام سبزی ہے، جو بچوں اور بڑوں سب کو پسند ہوتی ہے۔ لیکن اگر آلو کو فریج میں رکھا جائے تو اس میں موجود نشاستہ (اسٹارچ) ٹھنڈک کی وجہ سے اپنی اصل حالت کھو دیتا ہے۔ اس کا اثر آلو کے ذائقے پر بھی پڑتا ہے اور اس کا استعمال متلی اور سر درد کا باعث بن سکتا ہے۔

پیاز

پیاز بھی ان سبزیوں میں شامل ہے جنہیں فریج میں نہیں رکھنا چاہیے۔ فریج کی ٹھنڈک پیاز کو مرجھا دیتی ہے اور وہ نرم ہوکر خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ نرم اور خراب پیاز کھانے سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ اسے کسی خشک اور ہوا دار جگہ پر رکھا جائے۔

لہسن

بہت سے لوگ لہسن کو ثابت یا پیسٹ بنا کر فریج میں رکھتے ہیں، لیکن یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ فریج میں رکھنے سے کچھ دنوں بعد لہسن کا رنگ بدلنے لگتا ہے اور اس میں خراب بو پیدا ہوسکتی ہے۔ خاص طور پر جب لہسن کا رنگ پیلا سے ہرا ہونے لگے تو اس کا استعمال صحت کے لیے مضر ہوسکتا ہے۔

ٹماٹر

ٹماٹر کو فریج میں رکھنے سے اس کا ذائقہ بدل جاتا ہے اور وہ نرم ہوکر خراب ہونے لگتے ہیں۔ فریج کی ٹھنڈک ٹماٹر کی ساخت کو متاثر کرتی ہے، جس سے وہ اپنی اصل تازگی اور مزہ کھو بیٹھتے ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ ٹماٹر کو کسی ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ پر محفوظ کیا جائے تاکہ وہ تازہ رہیں اور دیر تک قابلِ استعمال رہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین