ریاض:تبوک اور حائل ریجن میں موسم نے اچانک کروٹ لی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے صحرا نے سفید چادر اوڑھ لی، سعودی محکمہ موسمیات نے مزید غیر یقینی موسم کی پیش گوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے تبوک اور حائل ریجن میں شدید موسمی صورتحال دیکھنے میں آئی، جہاں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق تبوک ریجن میں گہرے بادلوں نے آسمان کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ حائل ریجن میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث صحرا برفباری کا منظر پیش کرنے لگا۔
سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل تک موسم غیر یقینی رہے گا اور مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ ژالہ باری کے بعد مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔