واشنگٹن:امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان، خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سفر کے حوالے سے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں ان علاقوں میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف قونصلر افیئرز کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر پر نظرثانی کرنے کا کہا گیا ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سفر سے مکمل گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انتہا پسند گروہوں کی جانب سے حملوں کی سازشیں جاری ہیں، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے معمول بن چکے ہیں، اس لیے ان علاقوں میں سفر خطرناک ہوسکتا ہے۔
امریکی شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی بھی قسم کے احتجاج یا مظاہرے کے قریب جانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے انہیں قانونی کارروائی یا تفتیش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں کئی امریکی شہریوں کو پاکستانی حکومت یا فوج کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹس کرنے یا مظاہروں میں شامل ہونے پر حراست میں لیا جا چکا ہے۔
امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان میں ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔