لاہور:رواں سال عید الفطر پر کم از کم پانچ چھٹیوں کا امکان ہے، کیونکہ فلکیاتی ماہرین کی پیشگوئی کے مطابق رمضان المبارک 29 روز کا ہو سکتا ہے۔ اگر چاند 30 مارچ کو نظر آ گیا تو عید 31 مارچ کو ہو گی، جس کے باعث ہفتہ، اتوار کی چھٹیوں کے ساتھ مزید تعطیلات متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ اس سال عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد عید کے چاند سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ 29 ویں روزے کی شام شوال کے چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہونے کی توقع ہے، جو کہ رویت کی تمام شرائط پوری کر دے گا۔ اگر چاند 30 مارچ کو نظر آتا ہے تو رمضان المبارک 29 روز کا ہوگا، اور یوں عید الفطر 31 مارچ سے 2 اپریل تک منائی جائے گی۔ چونکہ 31 مارچ پیر کے روز آئے گا، تو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی بھی اس میں شامل ہو جائے گی۔
اگر رمضان المبارک 30 روز کا ہوتا ہے تو عید یکم اپریل کو ہوگی اور اس کے باعث تعطیلات 4 اپریل تک رہیں گی۔ چونکہ ہفتہ اور اتوار بعض سرکاری ملازمین کے لیے پہلے سے ہی چھٹی کے دن ہوتے ہیں، اس لیے مجموعی طور پر رواں سال عید پر کم از کم پانچ چھٹیوں کا امکان ہے۔ تاہم، عید کی چھٹیوں کا حتمی اعلان سرکاری سطح پر کیا جائے گا۔